حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق حضرت آیت اللہ جعفر سبحانی نے 5 نومبر بروز جمعہ شام کو "حضرت حمزہ (ع) بین الاقوامی کانفرنس" کے عنوان سے منعقدہ پروگرام کے منتظمین کے ساتھ ملاقات میں شروعِ اسلام میں حضرت حمزہ (ع) کے مقام و منزلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: جامعۃ المصطفیٰ کی طرف سے حضرت حمزہ (ع) کی شخصیت کو اجاگر کرنے کے لئے اس پروگرام کا انعقاد کرنا انتہائی خوشائند اور مفید ہے۔
اس مرجع تقلید نے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ حضرت حمزہ (ع) کی رضاعی اخوت کا حوالہ دیتے ہوئےکہا: امیر المومنین علیہ السلام اور خاندان بنی ہاشم حضرت حمزہ (ع) سید کے ساتھ بہت محبت کیا کرتے تھے۔ خاندان بنی ہاشم کی ان کے ساتھ یہ محبت ان کی جرأٔت، شجاعت اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دفاع کا نتیجہ ہے یہاں تک کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیاری بیٹی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہابھی ہر جمعرات کو ان کی قبر مبارک کی زیارت کو جایا کرتیں تھیں۔ اس سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا بزرگوار کی عظمت و مقام کا پتہ چلتا ہے۔
حضرت آیت اللہ سبحانی نے جناب حمزہ (ع) کے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عملی دفاع اور مسجد الحرام میں ان کی توہین کرنے والوں کو سزا دینے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: مدینہ میں جرأت و شجاعت کا مظاہرہ کرنے اور مکہ میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کرنے والے دشمن کو سزا دینے میں بڑا فرق ہے۔
حضرت آیت اللہ سبحانی نے مزید کہا: عصرِ حاضر میں آج کی نسل کے لئے ابتدائے اسلام کی عظیم اور مؤثر شخصیات کا تعارف بے حد ضروری ہے اور ان شخصیات کو متعارف کرانے میں جامعۃ المصطفیٰ کا اقدام انتہائی قابلِ قدر ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس پروگرام کے آغاز میں اس کانفرنس کے علمی منتظم اور تاریخ، سیرت و تہذیبی ایجوکیشنل کمپلیکس کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین ناصر رفیعی نے اس ادارے کی جانب سے انجام دی گئی سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹ بھی پیش کی۔